ایک امریکی شخص جنہیں کار کے حادثے کے بعد چھاتی کے نیچے والے دھڑ میں فالج ہو گیا تھا ریڑھ کی ہڈی میں برقی جھٹکوں کے علاج کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔
آریگون کے راب سمرز نے کہا کہ کسی سہارے کے بغیر کھڑا ہونا ’بہت زبردست احساس ہے۔‘
جریدے لانسٹ میں چھپنے والی ایک تحقیق کے مطابق وہ اب خود ہی اپنے پاؤں کے انگوٹھے، کولہے، گھٹنے، اور ٹخنے ہلا سکتے ہیں اور کسی سہارے کے ساتھ ٹریڈمل پر چلا بھی سکتے ہیں۔
راب سمرز اس وقت مکمل طور پر کھڑے ہو سکتے ہیں جب ان کی ریڑھ کی ہڈی کو جھٹکے دیے جا رہے ہوں۔
راب باسکٹ بال کے ایک کھلاڑی تھے لیکن کار کے ایک حادثے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی متاثر ہوئی۔ دماغ سے ریڑھ کی ہڈی میں آنے والے پیغامات رک گئے اور ان کا دھڑ بیکار ہو گیا۔
ڈاکٹروں نے ان کے دھڑ میں سولہ الیکٹروڈز لگائے۔ روزانہ ان کی ریڑھ کی ہڈی میں برقی لہریں چھوڑی گئیں اور ان کی مدد سے انہیں ٹانگیں ہلانے کی تربیت دی گئی۔