امریکی صدر براک اوباما نےافغان صدر حامد کرزئی سے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں اور اسلام آباد میں پاکستان ، ایران اور افغانستان کے رہنماؤں کے مابین ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ صدر اوباما نے ٹیلیفون پر افغان صدر سے افغانستان میں مصالحت کے حوالے سے علاقائی ممالک کی حمایت کے بارے میں بات چیت کی ہے۔
امریکی اور افغان صدر کے مابین بات چیت ایسے وقت ہوئی ہے جب افغان صدر نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ، افغان حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
طالبان نے مذاکرات کے حوالے سے افغان صدر کے بیان کو مسترد کر دیا تھا۔ البتہ امریکہ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان سے رابطے انتہائی ابتدائی نوعیت کے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران صدر کرزئی نے افغانستان میں مصالحت کے عمل کو علاقائی ممالک کی حمایت کے حوالے سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے جلد دوبارہ بات چیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
افغانستان کے صدر نے اسلام آباد کے دورے کے دوران کہا تھا کہ علاقائی مسائل بیرونی مداخلت سے پیدا ہوئے ہیں۔