حکام کے مطابق شمالی صومالیہ میں امریکی فوج نے آپریشن کر کے دو مغوی غیر ملکی فلاحی کارکنوں کو رہا کرا لیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ رات کو کیے جانے والے آپریشن میں امریکی فوجی ہیلی کاپٹر استعمال ہوئے اور امریکی بحریہ کی ایک سیل ٹیم بھی شامل تھی۔ آپریشن میں قزاقوں اور امریکی فوجیوں کے بیچ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور دونوں یرغمالوں کو بغیر کسی نقصان کے آزاد کرا لیا گیا۔
یہ دونوں مغوی افراد ’ڈینش ڈیمائننگ گروپ‘ کے لیے کام کرتے ہیں۔ اس گروپ کا کام نصب بموں کو ناکارہ بنانا اور لوگوں میں بارودی سرنگوں کے بارے میں معلومات پھیلانا ہے۔
ایک مقامی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اغوا کرنے والوں میں سے اکثر ہلاک ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کرائے گئے دونوں افراد کو یبوتی لے جایا گیا ہے۔
اے ایف پی نے ان کی شناخت بتیس سالہ جیسکا بیوکینن اور ساٹھ سالہ تھسٹڈ بتائی ہے۔